• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنیتا مارشل نے صرف ایک بیان سے مداحوں کے دل جیت لیے

پاکستان کی سُپر ماڈل و اداکارہ سنیتا مارشل کے مذہب، پہناوے اور پاکستان کی ثقافت سے متعلق دیئے گئے بیان نے مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔

جیو انٹرٹینمنٹ کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت ‘ کے سیکوئل میں اہم کردار ادا کرنے والی اداکارہ سنیتا مارشل نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو کے دوران جہاں اپنی نجی اور پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق بہت سی معلومات اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کیں وہیں اُن کے پہناوے اور پاکستان کی ثقافت سے متعلق دیئے گئے ایک بیان نے انٹرنیٹ پر خوب توجہ حاصل کر رکھی ہے۔

سنیتا مارشل کو اُن کے بیان پر خوب سراہا جا رہا ہے اور انٹرنیٹ صارفین کا کہنا ہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کی سب ہی اداکاؤں کو سنیتا مارشل جیسی سوچ کا حامل ہونا چاہیے ۔

سنیتا مارشل نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ ’وہ پاکستان میں رہتی ہیں اور پاکستان ایک مسلم ملک ہے، حالانکہ وہ مسلمان بھی نہیں ہیں پھر بھی وہ چھوٹے کپڑے نہیں پہنتیں کیوں کہ اُنہیں اپنا جسم دکھانا اچھا نہیں لگتا، وہ جانتی ہیں کہ یہ پاکستان کی ثقافت نہیں ہے۔‘


انہوں نے مزید کہا کہ ’جب انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اُنہیں اسکرٹ پہننے کی آفر کی جاتی تھی جو کہ وہ بالکل منع کر دیا کرتی تھیں، مگر آج کل کی لڑکیاں منع نہیں کرتیں، ماڈلز کو اپنے اپنے ٹیلنٹ اور خود پر بھروسہ رکھتے ہوئے ایسے کپڑے پہننے سے منع کر دینا چاہیے، چھوٹے کپڑے پہننے سے منع کرنے پر کیریئر پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘

سنیتا مارشل کا مزید کہنا تھا کہ انسٹا گرام پر فالوورز بڑھانے کے چکر میں بھی ہماری نئی نسل بہت خراب ہو گئی ہے، انسٹا فالوورز بڑھانے کے لیے بہت سی لڑکیاں اپنی حدیں پار کر جاتی ہیں۔‘

واضح رہے کہ سنیتا مارشل کے اس بیان پر اُنہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر خوب سراہا جا رہا ہے اور اُن کے انٹرویو سے لی گئی یہ ویڈیو کافی وائرل ہو رہی ہے۔

تازہ ترین