سندھ کے ضلع گھوٹکی کے شہر ڈہرکی کے قریب گزشتہ روز پیش آنے والے ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والے متعدد افراد کی مختلف شہروں میں نمازِ جنازہ کے بعد تدفین کر دی گئی جبکہ حادثے میں جاں بحق مزید کئی افراد کی لاشوں کی شناخت بھی کر لی گئی۔
لودھراں کے 2 سگے بھائیوں، والدہ اور کزن کی نمازِ جنازہ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ماموں اور بھانجی کی میتیں سردار والا پہنچنے پر گھر بھر میں کہرام مچ گیا جبکہ علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی، متوفین کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔
جاں بحق 2 کمسنوں مومن اور ہادی کی بھی شناخت ہو گئی، دونوں بچے ماں کے ساتھ کراچی سے فیصل آباد جا رہے تھے۔
لودھراں سے تعلق رکھنے والے شہباز، اس کی بیوی اور 2 بچوں کی لاشوں کو بھی پہچان لیا گیا ہے۔
وہاڑی کے رہائشی حضور خان کی بیوی، بیٹی اور سسر بھی اس ٹرین حادثے میں جاں بحق ہوئے ہیں، بیٹی زیرِ علاج ہے جبکہ ایک کمسن بیٹا سبحان لا پتہ ہے۔
حضور خان کا کہنا ہے کہ اس کاخاندان کراچی سے خانیوال جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوا ہے۔