• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈھرکی ٹرین حادثہ: کراچی سے اندرون ملک جانے والی 15 ٹرینیں منسوخ

رپورٹ:  اعجاز احمد

ڈھرکی ٹرین حادثے کے نتیجے میں کراچی سے اندرون ملک جانے والی 15ٹرینیں منسوخ کردی گئیں۔ 

پاکستان ریلوے کے ترجمان کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب ڈھرکی کے قریب ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس کو پیش آ ئے حادثے کی وجہ سے ڈاؤن ٹریک بند ہونے کے سبب اندرون ملک سے کراچی آنے والی ٹرینیں منگل کو بھی معطل رہیں، جس کے باعث کراچی سے اندرون ملک جانے والی 15 ٹرینیں منسوخ کردی گئیں اور محض 5 ٹرینیں ہی کراچی سے روانہ ہوسکیں۔

 ان میں سے بھی 3 ٹرینیں متاثرہ روٹ کی نہیں تھیں، صرف گرین لائن ایکسپریس منگل کو رات 10بجے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور خیبر میل رات سوا 10 بجےصوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالخلافہ پشاور کے لیے روانہ ہوئیں۔

جب کہ شاہ لطیف ایکسپریس صبح 7 بجے اندرون سندھ میرپور خاص، مہران ایکسپریس سہ پہر 4 بجے میرپور خاص اور سکھر ایکسپریس رات 11بجے جیکب آباد کے لیے روانہ ہوئیں۔

تاہم کراچی سٹی اسٹیشن اور کینٹ اسٹیشن سےاندرون ملک جانے والی مجموعی طور پر 15ٹرینیں منسوخ کردی گئیں، جن کے مسافروں کو ٹکٹس کی رقوم واپس کی جائیں گی۔

پندرہ ٹرینوں کی منسوخی کے باعث سٹی اور کینٹ اسٹیشن ویران نظر آرہے تھے اور مسافروں کی بہت کم تعداد وہاں موجود تھی، جن میں سے بیشتر اپنے ٹکٹس کی رقوم کی وصولی کے لیے اسٹیشن پہنچے تھے۔

تازہ ترین