کراچی (اسد ابن حسن) پاکستان اسٹیل مل کی نئی انتظامیہ نے ادارے کے ایک کلیدی عہدے پر ریٹائر ہونے والے افسر کو سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوبارہ کنٹریکٹ پر رکھ لیا ہے۔ ڈائریکٹر اے اینڈ بی کیجواب دینے سے معذرت۔ انچارج ریاض حسین منگی، جن کے دستخط سے لیٹر جاری ہوا ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹیل مل آٹونومس (خودمختار) ادارہ ہے اور اس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا اطلاق نہیں ہوتا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹیل کے افسر شفیق انجم اپریل میں ریٹائر ہوئے اور اسی مہینے 6اپریل 2021ء کو انچارج نے ایک برس کے کنٹریکٹ کا تقررنامہ جاری کیا۔ ان کو ادارے کا اہم عہدہ دے کر کارپوریٹ سیکرٹری بنا دیا گیا۔ تقررنامے میں تنخواہ کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔ (ان کی تنخواہ ڈیڑھ لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے) لیٹر میں دیگر مراعات میں میڈیکل، ہزار سی سی گاڑی بمع ڈرائیور، لینڈ لائن اور موبائل فون کی ادائیگی، پٹرول اور سرکاری رہائش گاہ اور دیگر مراعات شامل ہیں۔