لندن( پ ر )پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدرچوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ سانحہ ڈھرکی نے اوور سیز پاکستانیوں سمیت پوری انسانیت کورنجیدہ اورسوگوارکردیا۔یہ سانحہ بدانتظامی ،نااہلی اور مجرمانہ غفلت کاشاخسانہ ہے، اس کے ذمہ دارقابل رحم نہیں ہوسکتے۔ پی ایس پی کے مرکزی چیئرمین سید مصطفی کمال سمیت پارٹی قائدین اورکارکنان ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔اپنے ایک بیان میں چوہدری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا کہ تخت اسلام آباد اورتخت سندھ پربراجمان نااہل حکمران اپنی نااہلی اور ناکامی نہیں چھپاسکتے ،سانحہ ڈھرکی کے سلسلہ میں پیپلزپارٹی کو بھی ہرگز کلین چٹ نہیں دی جاسکتی۔ وفاقی اورسندھ کی صوبائی حکومت کی بے حسی کے نتیجہ میں 55لوگ لقمہ اجل بن گئے لیکن اس کے باوجودتبدیلی سرکار کے وفاقی وصوبائی وزرا بلیم گیم کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سانحہ ڈھرکی کے سبب ملک بھر میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے ،اوورسیز پاکستانیوں کوبھی شدیددکھ پہنچا۔ پاکستانیوں نے اب تک اپنے ہزاروں پیاروں کے جنازے اٹھائے ہیں لیکن اپنے سرنہیں جھکائے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غیورعوام نااہل حکمرانوں کوبے نقاب اوران کامحاسبہ کرتے رہیں گے ۔ پی ایس پی کے مرکزی چیئرمین سیّد مصطفی کمال ہم وطنوں کے حقوق کی حفاظت اورانہیں جدیدومحفوظ طرز زندگی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ نظام کی تبدیلی اور سیّد مصطفی کمال کی صورت میں تازم دم قیادت پاکستانیوں کاحق ہے اورہم اس کیلئے ہر دروازہ کھٹکھٹانے کیلئے تیار ہیں۔