کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پچھلے ادوار میں کرپشن کھل کر ہوتی ہے آج عمران خان کے خوف کی وجہ سے چھپ کر ہورہی ہے ن لیگ نے لوڈشیڈنگ کا وقتی حل تلاش کیا تھا،سابقہ دور میں مہنگے معاہدوں سے سرپلس بجلی بنائی گئی مگر ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کا نظام بہتر نہیں بنایا گیا، مسلم لیگ ق کے جائز تحفظات کا فی الفور ازالہ کیا جائے گا
ق لیگ اہم حکومتی اسٹیک ہولڈر ہے ناکامی کی ذمہ داری بھی قبول کرنا ہوگی،ہمیں ترین گروپ سے کوئی دھڑکا نہیں البتہ سیاست میں اس گروپ سے ایک تڑکا ضرور لگا ہے۔وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان عبداللہ سلطان سے گفتگو کررہی تھیں۔
پروگرام میں مسلم لیگ ق کے رہنما کامل علی آغا اور ترجمان سند ھ حکومت مرتضیٰ وہاب بھی شریک تھے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے اسکینڈلز ظاہر کرتے ہیں یہ چور ہیں یا نااہل ہیں، کے الیکٹرک کی ذمہ داری سندھ حکومت پر نہیں ڈالی جاسکتی، کے الیکٹرک کو وفاقی حکومت کنٹرول کرتی ہے
سندھ حکومت ہی نہیں حکومتی اتحادی بھی کہہ رہے ہیں بہاولپور کو حصہ کا پانی نہیں مل رہا۔کامل علی آغا نے کہا کہ ن لیگ نے مہنگی بجلی بنا کر قوم پر عذاب نازل کیا
حکومت کو ڈسٹری بیوشن کا نظام بہتر کرنے کو ترجیح دینی چاہئے تھی، عمران خان کی نیت پر شک نہیں کیا جاسکتا، وہ چاہتے ہیں کرپشن فوراً ختم ہو، بہاولپور کا پانی آگے جارہا ہے مگر بہاولپور کو نہیں مل رہا۔