• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس میں حادثے کا مقدمہ چوتھے روز بھی درج نہ ہوسکا، شیخ زید اسپتال میں زیر علاج 13 زخمیوں میں کراچی کا ایک دولہا بھی شامل ہے جس کی 12جون کو شادی تھی۔

ٹرین حادثےکے 13 زخمی شیخ زید اسپتال میں زیرعلاج ہیں، 5 کی حالت نازک ہے جبکہ اسپتال میں کراچی کا دولہا نعمان بھی زیرعلاج ہے، نعمان کی 12جون کوشادی تھی، گھر والے بارات لیکر ملت ایکسپریس میں کراچی سے جھنگ جا رہے تھے ۔

نعمان کے والدین، بھائی سمیت خاندان کے 5 افراد حادثے میں جاں بحق ہوئے، متاثرہ مسافروں کا سامان شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ٹرین حادثے کا مقدمہ چوتھے روز بھی درج نہ ہوسکا، ایس ایچ او ریتی برکت علی کے مطابق ریلوے پولیس کا لیٹر موصول ہوا نہ کوئی مدعی آیا۔

ڈہرکی جائے حادثہ کے قریب پڑے ملبے کو اب تک اٹھایا نہیں جاسکا، مسافروں کا سامان تھانہ ڈہرکی میں موجود ہے جہاں شناخت کے بعد سامان ورثا کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

ڈہرکی حادثہ میں جاں بحق ایک اور شخص کی تدفین لودھراں میں کردی گئی ، 33سالہ محمد ریاض ملت ایکسپریس میں سوار ہو کر کراچی سے لودھراں آ رہا تھا، لودھراں سے تعلق رکھنے والے 21 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ڈہرکی کے قریب ٹرین کے خوفناک حادثے میں کراچی سے سرگودھا جانے والی ملت ایکسپریس کی 13بوگیاں پٹری سے اُتر کے دوسرے ٹریک پر جاگریں ، مسافر ناگہانی سے سنبھل بھی نہ پائے تھے کہ صرف 2منٹ بعد مخالف سمت راولپنڈی سے کراچی جانے والی سرسید ایکسپریس ان سے ٹکرا گئی ۔

ٹرین حادثے میں 62 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

تازہ ترین