مسلم لیگ نون کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے اپنے دورِ حکومت میں وافر بجلی پیدا کرنے والے کارخانے لگائے تھے اور ہم نے ترسیل اور تقسیم کے نظام کی اصلاح اور ترقی سے لوڈ شیڈنگ ختم کی تھی۔
سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ توانائی کے بحران سے پاکستان کی معاشی نمو مسلسل متاثر ہو رہی تھی، عوام شدید اذیت اور کوفت میں الگ مبتلا تھے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایسے میں ہم نے دنیا کے سستے، بہترین اور جدید پلانٹ لگائے جبکہ ٹرانسمشن لائن 3 سال میں پی ٹی آئی مکمل نہ کرسکی۔
اُنہوں نے کہا کہ ڈیزل سے مہنگی بجلی پیدا کرنے کے علاوہ سردیوں میں پی ٹی آئی لیڈرز جھوٹ بولتے رہے، مسلم لیگ ن نے اتنی زیادہ بجلی بنا دی جس کی ملک کو ضرورت ہی نہیں تھی۔
مسلم لیگ نون کے صدر نے کہا کہ اب گرمیوں میں پی ٹی آئی کی بد انتظامی سے بدترین لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہپی ٹی آئی کے پیدا کردہ معاشی جمود سے بجلی کی طلب میں پہلے ہی اضافہ نہیں ہورہا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سلیکٹڈ لیڈرکی نااہلی ہے کہ وہ اس کم طلب کو بھی پورا نہیں کر پارہے۔