پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے 17ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 171 رنز کا ہدف دے دیا۔
ابوظبی میں کھیلے جارہے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
لاہور قلندرز نے 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 170 رنز بنائے، ٹم ڈیوڈ نمایاں کھیل پیش کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 68 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ درست ثابت ہوا اور محض 25 رنز پر لاہور قلندرز کے 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، مذکورہ آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں کوئی بھی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔
فخر زمان 1، سہیل اختر 7، محمد فیضان 8 اور محمد حفیظ 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ تاہم بین ڈنک اور ٹم ڈیوڈ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قلندرز کی اننگز کو آگے لے گئے۔
لاہور قلندرز کے بین ڈنک شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 2 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 33 گیندوں پر 48 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ اسی دوران ٹم ڈیوڈ نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
راشد خان بھی کچھ خاص کھیل پیش نہیں کرسکے اور 7 گیندوں پر 8 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔اس کے بعد آنے والے قلندرز کے کھلاڑی جیمز فاکنر نے برق رفتار 22 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 2 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔
پشاور زلمی کی جانب سے فیبئن ایلن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ وہاب ریاض، محمد عرفان، عمید آصف اور محمد عمران نے قلندرز کے ایک، ایک کھلاڑی کا شکار کیا۔