• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہزاد رائے ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمشکل قلفی فروش کے مداح ہوگئے

پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے کو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمشکل قلفی فروش نے اپنا مداح بنالیا۔

گزشتہ روز شہزاد رائے نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ایک قلفی والا اپنی سُریلی آواز میں منفرد گلوکاری کرکے قلفی بیچ رہا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قلفی فروش اپنی گلوکاری کے ذریعے گاہکوں کو بتارہا ہے کہ کھویا اور مکھن اُس کی قلفی کی خاصیت ہیں جن کی مدد سے وہ مزیدار قلفی تیار کرتا ہے۔

یہاں قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والا شخص پاکستانی ہے جبکہ اُس کی شکل سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے خوب مل رہی ہے۔

شہزاد رائے نے قلفی فروش کے ٹیلنٹ کو سراہاتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’واہ! قلفی والے بھائی، کیا بات ہے، مجھے تو قلفی کھائے بغیر ہی مزہ آگیا۔‘

گلوکار نے ٹوئٹر صارفین سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’اگر آپ کو معلوم ہے کہ اس قلفی فروش کا تعلق کہاں سے ہے؟ تو مجھے ضرور بتائیں۔‘

شہزاد رائے کے سوال پر ایک صارف نے بتایا کہ ’قلفی والے چاچا کا تعلق ساہیوال سے ہے۔‘

ٹوئٹر صارفین نے جہاں قلفی فروش کے منفرد ٹیلنٹ کی تعریف کی تو وہیں کچھ صارفین نے اُنہیں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ہمشکل قرار دے دیا۔

عمران خان نامی صارف نے حیرانگی والے ایموجیز کا استعمال کرتے ہوئے ’ٹرمپ‘ لکھا۔

شاہد چانڈیو نامی صارف نے کہا کہ ’یہ تو پاکستانی ٹرمپ ہے۔‘

خالد حسین نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’کیا ٹرمپ نے قلفی فروخت کرنا شروع کردی ہے؟‘

ایک صارف نے لکھا کہ ’کورونا وائرس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ لاہور کی مارکیٹ میں قلفی بیچتے ہوئے۔‘

شہزاد رائے کے اس ٹوئٹ پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔

تازہ ترین