اسلام آباد(آئی این پی)سپریم کورٹ کے جج جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ شوکت صدیقی انٹیلی جنس اہلکاروں سے ملتے رہے، تقریر میں بغض نکالا، آپ نے لوگوں کے بارے میں شکایتیں کرنے کیلئے پبلک فورم چنا، ہمیں ملک کے اداروں کا دفاع کرنا ہے، اداروں کا تحفظ ہم نہیں کریں گے تو کون کرے گا، ادارے پر حملے کی صورت میں شکایت کے لئے اندرونی طریقہ کار موجود تھا، یہ نئی روش شروع ہوئی ہے کہ سب کچھ پبلک کر دیں، ہمیں 30 جون کا خیال ہے، آرڈر کر رہے ہیں کہ جیسے ہی بنچ دستیاب ہو گا مقدمہ سماعت کے لئے مقرر کیا جائے۔ جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بنچ نے سابق جج شوکت عزیز صدیقی برطرفی کیس کی سماعت کی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آپ صرف دو سوالوں کے جواب دیں، کیا یہ تقریر جج کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی تھی یا نہیں، ہمیں یہ بھی سمجھا دیں کہ کونسل کو مزید انکوائری کی ضرورت تھی یا نہیں؟۔ جسٹس اعجازلاحسن نے شوکت عزیز کے وکیل حامد خان سے استفسار کیا کہ کیا یہ بہتر نہیں تھا ادارے پر حملے کی صورت میں پہلے تحفظات سے آگاہ کر دیا جاتا؟۔ اس پر حامد خان بولے کہ چیف جسٹس پاکستان سے ملنے کیلئے شوکت صدیقی نے چار مرتبہ اپائنٹمنٹ لیا، جو قبول نہیں کیا گیا۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے پوچھا کہ یہ مان بھی لیں کہ شوکت عزیز صدیقی نے جو کہا سچ تھا تو کیا انہیں عدلیہ میں معاملہ حل نہیں کرنا چاہئے تھا؟۔ وکیل حامد خان نے جواب دیا کہ شوکت عزیز صدیقی نام نہ لیتے تو بھی جرم نام لے لیا تو بھی جرم۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے کہا کہ شوکت عزیز صدیقی کو ایسے معاملے پر خود توہین عدالت کا نوٹس کرنا چاہئے تھا۔