• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

25 فیصد بالغوں سے روزانہ بنیاد پر فراڈ رابطوں کی بھرمار

لندن (پی اے) ایک سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ چار میں ایک یعنی 25 فیصد بالغ افراد سے روزانہ بنیاد پر (فراڈ) سکیم رابطوں کی بھرمار ہو رہی ہے جبکہ 65 سال سے زائد عمر کے افراد میں یہ تناسب بڑھ کر تقریباً ایک تہائی ہے۔ یو گوو کے سروے میں تقریباً 25 فیصد جواب دہندگان نے بتایا کہ انہیں روزانہ بنیاد پر سکیمرز کی جانب سے کالز، ٹیکسٹ میسجز اور ای میلز موصول ہو رہی ہیں۔ معمر جواب دہندگان کا کہنا تھا کہ انہیں روزانہ سکیم خط و کتابت موصول ہو رہی ہے۔ 65 سال سے زائد عمر کے 31 فیصد افراد نے کہا کہ انہیں ایسے پیغامات مل رہے ہیں جبکہ 25 سے 49 سال کے افراد میں یہ تناسب 22 فیصد تھا۔ سروے کے مطابق تمام ایج گروپس میں 39 فیصد افراد نے بتایا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر ان سے سکیم رابطے کئے جا رہے ہیں۔ اتھارٹیز نے حال ہی میں جن سکیم میسیجز کے بارے میں متنبہ کیا ہے، ان میں مردم شماری، کورونا وائرس کوویڈ 19، موبائل فون کمپنیز، ڈلیوری فرمز کے جعلی ٹیکسٹ میسجز، بوگس ٹیکس ریبیٹس اور جرمانے شامل ہیں۔ سروے کے مطابق تقریباً 17 فیصد افراد کو ماہانہ بنیاد پر سکیم میسیجراور کالز موصول ہو رہی ہیں جبکہ 10 میں سے ایک یعنی 11 فیصد افراد کو ہر چند ماہ بعد ایسی صورت حال کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ 4 فیصد افراد نے بتایا کہ ان سے سال میں ایک بار یا اس کے کم رابطہ ہوتا ہے۔ سروے میں یہ بھی سامنے آیا کہ بہت سے لوگ ان سکیمز کے شکار ہونے والے افراد کو جانتے ہیں یا پھر وہ خود فراڈ کا شکار ہوئے ہیں۔ 11 فیصد جواب دہندگان کا کہنا ہے کہ ان کے فیملی ممبر کے ساتھ ایسا ہوا جبکہ 10 میں سے ایک یعنی 10 فیصد اس دھوکہ دہی کا شکار ہونے والے اپنے قریبی دوست کو جانتے ہیں۔ سروے میں 12 فییصد جواب دہندگان کا کہنا ہے کہ وہ خود سکیم کا نشانہ بنے ہیں۔ سروے میں تین چوتھائی سے زائد یعنی 76 فیصد افراد نے کہا کہ وہ منجمد بنک اکائونٹس سے مشتبہ کرمنل فنڈز کے ذریعے معاوضے کی ادائیگی کے آئیڈیا کو سپورٹ کریں گے۔ یوگوو نے یہ سروے برطانیہ بھر میں 1700 سے زائد افراد سے مئی میں کیا تھا۔
تازہ ترین