• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قرضے معاف کرانے والوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے،سردار ایاز صادق

لاہور ( نمائندہ خصو صی) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ اپوزیشن کے ٹی او آرز میں صرف وزیر اعظم نواز شریف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ قرضے معاف کرانے والوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے ، عمران خان کے جلسوں میں خواتین سے بدتمیزی نئی بات نہیں ، انہیں اپنے لوگوں کو تربیت دینی چاہیے ۔ اپنے حلقہ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ شور مچانے والے شور مچاتے رہیں  گے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک و ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رکھے گی ۔ حکومت عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے فلاحی منصوبوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ 2018ء میں لوڈ شیڈنک کا بھی خاتمہ ہو جائے گا ۔وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی قیادت  پر  مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے غیر ملکی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری کرر ہے ہیں ۔اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ پورے ملک خصوصاً لاہور  کے  عوام کے لئے تحفہ ثابت ہو گا۔ عمران خان کے جلسوں میں خواتین سے بدتمیزی کوئی نئی بات نہیں ، ڈی چوک میں بھی خواتین سے بدتمیزی کی گئی اس کے بعد ایف نائن پارک میں بھی یہی کچھ ہوا ۔ لاہو رمیں جلسے کے دوران پولیس نے اپنی ہمت سے بڑھ کر پروٹیکشن دی اور جہاں خواتین کے ساتھ بدتمیزی کا واقعہ پیش آیا وہاں پی ٹی آئی کی اپنی سکیورٹی موجود تھی، اس لیے انہیں اپنے لوگوں کو تربیت دینی چاہیے ۔ اپنے انتخابی حلقہ میں سرکاری سکول کی تین سال سے بندش سے متعلق سوال کے جواب میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ بچوں کی تعداد کم ہونے پر سکول کو بند کیا گیا ۔ جس سکول میں بچوں کی تعداد کم ہو گی اسے بند کر دیا جائے گا ۔
تازہ ترین