صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں شدید گرم موسم میں پانی کا بحران جاری ہے، بیشتر علاقوں میں پانی کی سپلائی معطل اور بیشتر میں نہ ہونے کے برابر ہے۔
صوبے میں واسا ملازمین تنخواہوں کی بند ش کےباعث ڈیوٹی کرنے سے گریزاں ہیں، تنخواہوں کی بندش کے سبب واسا وال مینوں اور دیگر عملے کی غیر اعلانیہ ہڑتال سے پانی کی سپلائی متاثر ہے اور شہریو ں کو پریشانی کا سامنا ہے ۔
شہری گھریلو ضرورت کیلئے نجی واٹر ٹینکروں سے پانی خریدنے پر مجبور ہیں، مختلف علاقوں میں پانی کا ایک ٹینکر 1200 سے 1500 روپے میں سپلائی کیا جا رہا ہے، شہریوں نے ارباب اختیار سے صورتحال کا نوٹس لینے اور پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے ۔
دوسری جانب وادی کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان بھی بیشتر علاقوں میں مطلع صاف، موسم خشک اور گرم ہے، محکمہ موسمیات نے آج صوبےکے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے جبکہ تربت، پنجگور، چاغی، سبی اور کوہلو میں شدید گرم ،ژوب،بارکھان اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
وادی کوئٹہ میں آج کم سےکم درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ قلات میں 16 ڈگری ، وادی زیارت میں 13ڈگری ، ژوب میں 23، خضدار میں 24، گوادر میں 27 اور لسبیلہ میں 28 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ تربت میں 29 اور نوکنڈی میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔