اسلام آباد(ایوب نا صر) سینٹ میں اپوزیشن لیڈریوسف رضا گیلانی نے منگل کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے خطاب کے دوران ہونے والی ہلڑ بازی اور ہنگامی آرائی کیخلاف اظہار یکجہتی کے طور پر ان کے چیمبر میں جا کر ملاقات کی اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ سینٹ اپوزیشن آپ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے ،ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئےیوسف رضا گیلانی نے کہاکہ ساری صورتحال کی ذمہ داری وزیر اعظم عمران خان پر ہے، اسپیکر اسد قیصر کے فریقین میں صلح کرانے کے باوجود ہلڑ بازی ہونا ایوان میں گھٹن بڑھانے کے مترادف ہے ،سپیکر حکومت کا حصہ نہیں ہو تے مگر ایوان میں کسٹوڈین ہوتے ہیں،پہلے بھی وزیر اعظم کا فرض تھا کہ وہ اپوزیشن کی بات سنتے اب بھی انہی کا فرض ہے کہ وہ اپوزیشن کی بات سنیں ،معاملات کو ٹھیک کرناان کا فرض ہے ،ہم بھی تعاون کیلئےتیار ہیں،انہوں نے کہاکہ یہ (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کے لڑائی نہیں اپوزیشن اور حکومت کے مابین بولنے کے حق پر تنا زعہ ہے ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ڈپٹی اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد صرف پیپلز پارٹی کا نہیں پوری اپوزیشن کا ایشو ہے۔