• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہنگامہ آرائی میں ملوث 7 ارکان کے اسمبلی حدود میں داخلے پر پابندی

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان میں ہنگامہ آرائی اور نازیبا الفاظ استعمال کرنے والے 7 اسمبلی ممبران کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اُن کے اسمبلی حدود میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اسپیکر نے یہ کارروائی اسمبلی کے قواعد وضوابط کے تحت کی جس کے مطابق ممبران پر یہ پابندی اگلے احکامات آنے تک جاری رہے گی۔

جن اراکین پر پابندی لگائی گئی ہے ان میں علی نواز اعوان، عبدالمجید خان ، فہیم خان، شیخ روحیل اصغر، علی گوہر خان، چوہدری حامد حمید اور آغا رفیع اللّٰہ شامل ہیں۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب اس سلسلے میں متعلقہ اراکین اور اسمبلی سیکیورٹی کو احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔

اسپیکر اسمبلی اسد قیصر نے اس متعلق سوشل میڈیا پر بھی بیان دیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ قائدحزب اختلاف کی تقریر کے دوران خلل پیدا کرنے والے ارکان کا رویہ غیر پارلیمانی تھا۔

اسد قیصر نے کہا کہ ان اراکین کا رویہ نامناسب تھا، ان کے ایوان میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اس سے قبل ایوان میں گزشتہ روز ہوئی ہنگامہ آرائی کی تحقیقات کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آج ایوان میں نصب کیمروں کی فوٹیجز دیکھی تھیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی صدارت میں آج اسمبلی اجلاس میں گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ہوئی ہنگامہ آرائی کا معاملہ زیر غور آیا، اجلاس میں ہنگامہ آرائی کی ویڈیوز بھی دیکھی گئیں۔

اسپیکر نے اجلاس کے دوران کہا کہ پارلیمنٹ میں اس طرح کے رویے کو برداشت نہیں کر سکتے، ہنگامہ آرائی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔

ذرائع کے مطابق ہنگامہ آرائی کرنے والے اراکین قومی اسمبلی پر ایوان میں پابندی کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آج اسمبلی اجلاس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات بھی کی ہے۔


قومی خبریں سے مزید