کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے میچ ریفری محمد انیس کے جانب دارانہ رویے کی تحریری شکایت کی ہے۔ محمد انیس ماضی میں کئی واقعات میں سرفراز احمد کے خلاف جرمانے عائد کرتے رہے ہیں ۔ قائد اعظم ٹرافی میںبھی سرفراز احمد نے میچ ریفری کی پی سی بی سے شکایت کی تھی۔ سپر لیگ میں کھلاڑیوں کے درمیان گرما گرمی جاری ہے لیکن میچ آفیشلز کارروائی اور ڈسپلن قائم کرنے میں ناکام ہیں۔ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر آنے کے بعد شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے، کچھ صارفین سرفراز احمد کی حمایت میں سامنےآئے تو کچھ نے شاہین شاہ آفریدی جارحانہ مزاج کی حمایت کی ۔ سابق کپتان سرفراز احمد اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے درمیان منگل کو پیش آنے واقعے کی امپائروں نے رپورٹ نہیں کی لیکن کوئٹہ کے منیجر اعظم خان کی شکایت پر میچ ریفری نے شاہین شاہ کو طلب کیا اور معاملہ ختم کردیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کی انتظامیہ محمد انیس کے رویے سے خوش نہیں تھی اس لئے ان شکایت کی گئی ہے۔ حیران کن بات یہ پی سی بی نے سرفراز احمد اور محمد انیس کے ماضی میں خراب تعلقات کے باوجود انیس کی ان کے میچ میں پوسٹنگ کی۔ پھر امپائروں نے بھی واقعہ رپورٹ نہیں کیا۔گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ کے دوران اننگز کے19ویں اوور میں پیسر کے ایک باؤنسر پر گیند سابق کپتان کے ہیلمٹ پر لگی،بظاہر انھوں نے کوئی تکلیف محسوس نہیں کی مگر امپائر علیم ڈار نے معائنے کیلیے فزیو کو بلالیا۔اس موقع پر سرفراز اور شاہین الجھتے نظر آئے۔ فیلڈرز نے شاہین آفریدی کو واپس جانے کو کہا۔ محمد حفیظ نے سرفراز احمد سے بات کی پھر پیسر نے اپنے اوور کی آخری گیند کرائی۔