• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اراضی کی غیر قانونی خرید وفروخت کے خلاف کارروائی کی جائے، حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف رپوٹر ) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم سپریم کورٹ سے درخواست کرتے ہیں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کرنے سے قبل متاثرہ شہریوں کو متبادل فراہم کرنے کے احکامات جاری کرے اور رہائشی و تجارتی اراضی کی غیر قانونی خرید وفروخت میں ملوث تمام ذمہ داران اور تجاوزات قائم کرنے میں مددگار و معاون بننے والوں کو کٹہرے میں لاکر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں،جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی،ہم اہل کراچی کی جانب سے سپریم کورٹ میں فریق بنیں گے، ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر میں اس وقت شدید گرمی میں لوڈ شیڈنگ اورپانی کی عدم فراہمی سنگین نوعیت کے مسائل بن چکے ہیں،ہم عید الاضحیٰ کے بعد حق دو کراچی تحریک کے اگلے مرحلے کا آغاز اور عوامی مسائل کے حل اور اہل کراچی کے جائز اور قانونی حقوق کے لیے وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے، حافظ نعیم الرحمٰن نے مزیدکہاکہ کراچی میں محکمہ موسمیات کی جانب سے مون سون کی بارشوں کی پیش گوئی کی جاچکی ہے لیکن اس کے باوجود وفاقی وصوبائی حکومتوں اور تینوں حکومتی جماعتوں نے مل کر بھی کراچی میں ندی نالوں کی صفائی کا اب تک کوئی مؤثر انتظام نہیں کیا،انہوں نے کہاکہ کراچی ٹرانسفارمین پلان اب سندھ ٹرانسفارمیشن پلان بن چکا ہے،ہم پوچھنا چاہتے ہیں کہ کس قانون کے تحت صوبائی اور شہری علاقوں میں 60 اور 40 فیصد کوٹہ لاگو کیا جاتا ہے، سندھ حکومت کراچی اور سندھ میں لسانیت وعصبیت کی سیاست کررہی ہے۔

تازہ ترین