کراچی(صباح نیوز)سپریم کورٹ رجسٹری نے گرین بیلٹ سے فوری تعمیرات ختم کرنے اور کے ایم سی کو گرین بیلٹ کی اصل پوزیشن بحال کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے محمود آباد کے الیکٹرک گرڈ اسٹیشن کو غیر قانونی قرار دے دیا ۔ عدالت نے کے الیکٹرک کو گرین بیلٹ پر قائم گرڈ اسٹیشن دو ماہ میں ختم کرنے کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس نے کہا کہ گرین بیلٹ کو کمرشل سرگرمی کے لئے استعمال کی اجازت نہیں دے سکتے۔ جمعرات کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس قاضی امین پر مشتمل تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ محمود آباد کے الیکٹرک گرڈ اسٹیشن گرین بیلٹ پر قائم ہے۔ عدالت نے ہدایت دی کہ دو ماہ کے اندر اندر کے الیکٹرک گرڈ اسٹیشن کو گرین بیلٹ سے ہٹایا جائے۔ عدالت نے کے ایم سی کو گرین بیلٹ کی اصل پوزیشن بحال کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کے ایم سی کو گرین بیلٹ پر پارک بنانے کی بھی ہدایت کردی ۔ درخواست گزاروں کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پی ای سی ایچ ایس فیز 6 محمود آباد میں 10 ایکٹر گرین بیلٹ کے لیے مختص ہے، شعاع النبی ایڈووکیٹ پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی نے گرین بیلٹ کے الیکٹرک کو دے دی، گرین بیلٹ کا پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی سے کوئی تعلق نہیں، گرین بیلٹ کے ایم سی کی ملکیت ہے۔