• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران گالم گلوچ اور بدتمیزی کروا کر بچ نہیں سکیں گے، بلاول

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت غریب دشمن بجٹ کے حقائق کو عوام سے چھپانے کے لئے اپوزیشن کی آواز دبارہی ہے، عمران خان یہ نہ سمجھیں کہ گالم گلوچ اور بدتمیزی کروا کر وہ بچ جائیں گے ۔جمعرات کو بلاول ہائوس سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صرف ایک سال میں عام آدمی کی آمدنی میں 17 فیصد کی کمی اور کھانے پینے کی اشیاء کے خرچ میں 25فیصد مہنگائی تبدیلی کا اصل چہرہ ہے، عمران خان نے کہا کہ عزیز ہم وطنو! ملک ترقی کرگیا ہے، عمران خان نے بجٹ میں مزدور کی آمدنی 20ہزار روپے مقرر کرکے 700ارب روپے کے ٹیکس لگائے، ہر 3میں سے ایک بچے کے غذائی قلت کے شکار ملک میں عمران خان نے دودھ اور اس سے وابستہ مصنوعات پر 17فیصد سیلز ٹیکس لگادیا، انہوں نے کہاکہ چالیس فیصد غربت کے شکار ملک میں ڈیری مصنوعات پر 17فیصد سیلز ٹیکس ہمارے بچوں کے قتل کے مترادف ہے، چائے کے ہر کپ کا مہنگا گھونٹ عمران خان کی تبدیلی کی وہ خوف ناک قیمت ہوگی جو پاکستان کے عوام نے ادا کرنا ہے،چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بجٹ کے نتیجے میں آٹا، تیل اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کا ایک ایسا سونامی لائے گا کہ جس کے بعد عوامی ردعمل کو روکنا عمران خان کے بس میں نہ ہوگا۔

تازہ ترین