• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الزامات اور منفی بیانیہ افغان امن عمل کیلئے خطرہ ہے، شاہ محمود کی افغان ہم منصب سے گفتگو

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے الزامات پر مبنی منفی بیانیے کی تشہیر کو افغان امن عمل کی کامیابی کے لیے خطرہ قرار دیدیا ہے۔

ترکی میں افغان ہم منصب محمدحنیف آتمر سے ملاقات میں شاہ محمود قریشی نے افغان مشیر برائے قومی سلامتی کے پاکستان سے متعلق بیان پر ردعمل دیا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن خطے کی تعمیر و ترقی میں اہمیت کا حامل ہے لیکن الزامات پر مبنی منفی بیانیے کی تشہیر افغان امن عمل کی کامیابی کیلئے خطرہ ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال اور غور کے لیے طے شدہ میکانزم موجود ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ تمام فریقوں کو مل کر افغان مسئلے کے جامع سیاسی حل کی راہ ہموار کرنا ہو گی، پاک افغان ایکشن پلان برائے امن و یکجہتی فورم سے مستفید ہونے کی ضرورت ہے۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ افغانستان سے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کا فروغ چاہتے ہیں۔

پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر افغان وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی، جو انہوں نے قبول کرلی۔

یاد رہے کہ افغان مشیر قومی سلامی کے پاکستان سے متعلق انتہائی غیر مناسب بیان پر دفتر خارجہ نے گزشتہ دونوں شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا۔

اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ملتان میں تقریب سے خطاب کے دوران بھی افغان مشیر قومی سلامتی کے پاکستان سے متعلق انتہائی غیر مناسب بیان کو مسترد کرچکے تھے۔

تازہ ترین