لاہور ( نمائندہ جنگ)اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی سے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی،ملاقات میں آئندہ اسمبلی اجلاس بھی احسن انداز میں چلانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سابق سپیکر رانا محمد اقبال، سمیع اللہ خان، منشاء اللہ بٹ، اویس خان لغاری، ملک ندیم کامران اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت حقیقی معنوں میں اسلامی روایات کی عکاس اور پاکستانی عوام کی امنگوں کی ترجمان ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے چودھری پرویزالٰہی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسمبلی اجلاس کا پرامن ماحول میں منعقد ہونا جمہوری سیاسی روایات کو پروان چڑھانے میں اہم اقدام ہے۔ انہوں نے سپیکر کو اسمبلی کی نئی بلڈنگ مکمل ہونے پر مبارکباد بھی پیش کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ اللّٰہ تعالیٰ نے مجھے پنجاب اسمبلی کو ختم نبوتﷺ کے حوالے سے آیات و احادیث سے آراستہ کرنے کا شرف عطا فرمایا ہے جس پر میں اللّٰہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے۔