• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی سینئر اور اے خواتین کرکٹ ٹیمیں بدھ کو ویسٹ انڈیز روانہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم اور اے کرکٹ ٹیم وائٹ بال سیریز کیلئے آئندہ ہفتے ویسٹ انڈیز کا دورہ کریں گی۔ پی سی بی کے مطابق دونوں ٹیمیں 23 جون کو لاہور سے اینٹیگا روانہ ہوں گی۔ سینئر ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی اور 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچز شامل ہیں۔ اے ٹیموں کے مابین 3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ اس دورے کی منفرد بات یہ ہے کہ قومی مینز کرکٹ ٹیم بھی میزبان ٹیم کے خلاف 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور 2 ٹیسٹ میچز کیلئے 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز پہنچے گی۔ یہ دورے آئندہ سال شیڈول آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ اور برمنگھم میں شیڈول کامن ویلتھ گیمز کی تیاریوں میں بھی معاونت کریں گے۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیمیں آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ رینکنگ میں بالترتیب ساتویں اورچھٹی پوزیشن پر موجود ہیں۔کوویڈ 19 کی عالمی وباء کے دوران قومی خواتین اے کرکٹ ٹیم کایہ کسی بھی ملک کا پہلا دورہ ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو رواں سال آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر میں شرکت کرنی ہے، لہٰذا یہ دورہ ہماری خواتین کھلاڑیوں کو نہ صرف صلاحیتیں نکھارنے کا موقع فراہم کررہا ہے بلکہ اس سے انہیں میچ پریکٹس بھی ملے گی۔

تازہ ترین