اسلام آباد (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ملک میں کورونا ویکسین کی عدم دستیابی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ حکومت عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلے کورونا ویکسین کی فی الفور فراہمی کا بندوبست کرے۔
22کروڑ عوام کی آبادی کو مد نظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی جائے،مفاد پرست آٹا چینی اسکینڈل کی طرح ویکسین پر بھی جیبیں بھر رہے ہیں۔
اتوار کو بیان میں انہوں نے کہاکہ چند لاکھ خوراکیں منگوانے اور خیراتی ویکسین سے کام چلانے کی چھوٹی سوچ تبدیل کی جائے، کورونا ویکسین کی عدم دستیابی حکومت کی مجرمانہ غفلت اور نااہلی کا ایک اور ثبوت ہے۔