• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمہوریت سے نفرت کرنیوالوں کا ہر قدم پر مقابلہ کرینگے، آصف زرداری

اسلام آباد، کراچی (نمائندہ جنگ، اسٹاف رپورٹر) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کی ہے کہ انکے مشن پر عمل کرتے ہوئے ذوالفقار علی بھٹو شہید کے فلسفے کے عین مطابق آئین کی حکمرانی اور پارلیمان کی بالادستی کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ جمہوریت سے نفرت کرنے والوں کا ہر قدم پر مقابلہ کرینگے۔ جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ سال گزریں یا صدیاں‘ شہید بینظیر بھٹو کی طویل جدوجہد، عظیم قربانی اور انسان دوست فلسفہ لازوال ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بینظیر بھٹو کے یومِ ولادت پراپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ آج دنیا بھر میں بینظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کی تقریبات منعقد ہو رہی ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ قوم اپنی عظیم قائد کو نہیں بھولی۔ آصف زرداری نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے جس نظریئے کے لئے اپنی جان کا نذرانہ دیا وہ نظریہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اٹھارہویں آئینی ترمیم کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں، پارلیمان کو بے توقیر کیا جارہا ہے۔

تازہ ترین