• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عثمان خالد بٹ کا عمران خان کے عورت کے لباس سے متعلق بیان پر ردعمل

شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار عثمان خالد بٹ نے بھی وزیراعظم عمران خان کے  عورتوں کے مختصر لباس اور مردوں کو روبوٹ کہنے کے حوالے سے بیان پر ردعمل دے دیا۔

عثمان خالد بٹ نے عمران خان کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ ریپ کا تعلق لباس سے نہیں بلکہ طاقت کے مظاہرے سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’اگر عورت کا لباس آپ کو جنسی استحصال پر اُکسا رہا ہے تو یہ منحصر ہے کہ آپ کیسے معاشرے میں رہ رہے ہیں۔‘

اداکار نے لکھا کہ ’اگر یہ ہمارے معاشرے کی تلخ حقیقت نہیں ہے تو مجھے نہیں معلوم کہ پھر کیا ہوگی۔‘

عثمان خالد بٹ نے اپنے سلسلہ وار ٹوئٹ میں کہا کہ ’یقیناً مرد روبوٹ نہیں ہیں۔ اُن میں خواہش ، فتنہ، کشش کے عناصر موجود ہیں۔‘

اداکار نے لکھا کہ ریپ کے بڑھتے واقعات کا تعلق کسی کے لباس سے نہیں بلکہ طاقت کے غلبے سے ہے جو کسی بھی عورت بچے یا آدمی کو تباہ کرسکتی ہے۔

عثمان خالد بٹ نے کہا کہ’ یہ عمل انتہائی غیر مہذب ہے جو کسی بھی معاشرے میں قابلِ قوبل نہیں ہونا چاہئے۔‘

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پیر کو امریکی ٹی وی کو انٹریو میں ملک میں فحاشی اور جنسی زیادتیوں کے واقعات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مرد کوئی روبوٹ نہیں، عورت کے مختصر لباس سے مرد کے جذبات بھڑک جاتے ہیں۔ 

عمران خان کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آرہا ہے، سوشل میڈیا صارفین کی اس معاملے پر رائے منقسم ہے۔

عمران خان کا کہناتھاکہ انہوں نے کبھی نہیں کہا عورتیں برقعہ پہنیں، عورت کے پردے کا تصور یہ ہے کہ معاشرے میں بے راہ روی سے بچا جائے۔


تازہ ترین