آپ آف لائن ہیں
جمعہ23؍ذی الحج 1441ھ14؍اگست2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

عثمان خالد بٹ کی عثمان مختار سے انوکھی فرمائش

پاکستان شوبز انڈسٹری کے مقبول ترین اداکار عثمان خالد بٹ نے ساتھی اداکار عثمان مختار سے ڈرامے میں ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے انوکھی فرمائش بھی کردی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکار نے عثمان مختار کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’بھائی میرے ساتھ بھی کسی ڈرامے میں آجاؤ، تاکہ میری بھی شادی ہوجائے۔‘

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی لکھ دیا کہ ’مجھے احساس ہوگیا ہے کہ میں نے یہ مذاق کرنے میں 12 دن سے زائد کا وقت لے لیا ہے۔‘

عثمان خالد بٹ کی عثمان مختار سے کی گئی اس انوکھی فرمائش کے پس منظر میں جھانکا جائے تو بات کچھ یوں ہے کہ عثمان مختار جس ڈرامے میں معاون اداکارہ کے ساتھ کام کرتے ہیں اُن کی شادی ہوجاتی ہے۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ یہ وہی عثمان مختار ہیں جنہوں نے ڈرامہ سیریل ’انا‘ میں اداکارہ نیمل خاور کے مدمقابل کام کیا تھا، ڈرامہ آن ایئر ہی تھا کہ نیمل خاور کی حمزہ علی عباسی سے شادی ہوگئی تھی۔

اب عثمان اور سارہ نے نجی ٹی وی کے ڈرامے ’ثبات‘میں ایک ساتھ دکھائی دے رہے ہیں، یہ ڈرامہ ابھی آن ایئر ہی ہے کہ سارہ خان  بھی فلک شبیر سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔

میمز اور مزاحیہ تبصروں کا جواب دیتے ہوئے عثمان مختار نے لندن کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’میرے پیچھے جو لیٹر باکس موجود ہے اُس میں اپنے مداحوں کے لیے میں نے خط ڈالا ہے، جس میں لکھا ہے کہ میرے پیارے مداح مجھے اُمید ہے کہ آپ لوگوں کو یہ بات سمجھ آگئی ہوگی کہ یہ محض ایک اتفاق ہے، میں وعدہ کررہا ہوں۔ ‘

ایسے میں عثمان مختار نے بھی سوشل میڈیا پر ایک مزاحیہ پیغام شیئر کر کے اُن تمام میمز کا جواب دیا تھا اور لکھا تھا کہ ’اگلے ڈرامے میں سولو آؤں گا تاکہ میرے بھی ہاتھ رنگے جائیں۔‘

اسی ضمن میں عثمان خالد بٹ نے بھی عثمان مختار سے ساتھ ڈرامہ کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا تاکہ اُن کی بھی جلد شادی ہوجائے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید