• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی لانڈرنگ کا الزام، شہباز شریف FIA میں پیش، ایک گھنٹے میں 2 بار پوچھ گچھ

لاہور(نیوز ایجنسیاں،ٹی وی رپورٹ)منی لانڈرنگ کے الزام میں شہباز شریف ایف آئی اے میں پیش ،ایک گھنٹے میں دوبار پوچھ گچھ،20 سوالات دیئے گئے جبکہ ذرائع ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی طرف سے جوابات کو خفیہ رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔ 

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سامنے پیش ہوگئے۔ایف آئی اے کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں شہباز شریف سے رمضان شوگر ملز میں چھوٹے ملازمین کے کھاتوں میں منتقل کیے گئے 25 ارب روپے پر جواب مانگا گیا تھا جب کہ ایف آئی اے نے حمزہ شہباز کو 24 جون کو طلب کر رکھا ہے۔شہباز شریف نے گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت کرائی تھی۔

ایف آئی اے نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو 11 بجے طلب کیا تھا تاہم وہ 11 بجکر 47 منٹ پر ایف آئی اے لاہور کے دفتر پہنچے۔شہباز شریف کو ان کے مشیر کے ذریعے پہلے ہی سوالنامہ بھجوایا گیا تھا جو 20 سوالوں پر مشتمل تھا، اپوزیشن لیڈر کو ان سوالوں کے جوابات مع دستخط کے دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔

شہباز شریف تقریباً ایک گھنٹے ایف آئی اے کے دفتر میں موجود رہے جہاں ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب زون 1 ڈاکٹر رضوان کی سربراہی میں 5 رکنی ٹیم نے ان سے تفتیش کی۔اپوزیشن لیڈر ایف آئی اے کی پوچھ گچھ کے بعد تحقیقاتی ادارے کے دفتر سے واپس روانہ ہوگئے۔

اپوزیشن لیڈر کی پیشی کے سلسلے میں ایف آئی اے دفتر کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے جب کہ (ن) لیگ کے کارکنان بھی ایف آئی اے کے دفتر کے باہر جمع تھے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ(ن)کے صدر منی لانڈرنگ کیس پر تحقیقات کے لئے ایف آئی اے کے روبرو پیش ہوگئے۔

ایف آئی اے کی 4رکنی ٹیم نے شہباز شریف سے ایک گھنٹے سے زائد تک پوچھ گچھ کی۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف لاہور میں ایف آئی اے کے دفتر میں ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب زون 1 ڈاکٹر رضوان کی سربراہی میں 5 رکنی ٹیم کے روبرو پیش ہوئے۔

تازہ ترین