پشاور ( وقائع نگار ) محکمہ خوراک نے کوہاٹ روڈ پر کارروائیاں کرتے ہوئے گرانفروشی پر متعدد افراد کو گرفتار کرلیا ۔ صوبائی وزیر خوراک عاطف خان کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ارشد خان کی نگرانی میں اسسٹنٹ کنٹرولرز واجد علی ‘ عارف الرحمان اور فوڈ انسپکٹر سبز علی نے کوہاٹ روڈ پر مختلف علاقوں میں اشیائے خوردونوش کے معیار کو چیک کیا اور نرخوں بارے آگاہی حاصل کی ۔ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے ‘ کم وزن روٹی فروخت کرنے اور ناغے کے دن ہوٹلز میں گوشت کی فروخت کرنے پر متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا جن کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے ۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ارشد خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گرانفروشی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں جبکہ مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ گرانفروش اپنا قبلہ درست کرلیں اور شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کی دکانوں کو سیل کردیا جائے گا ۔