• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کیلئے انصاف، زندگی و صحت کی ضمانت دیں انہیں آج ہی واپس بلا لوں گی، مریم نواز

’نواز شریف کیلئے انصاف، زندگی کی ضمانت دیں آج ہی واپس بلا لوں گی‘


اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں)پاکستان مسلم لیگ (ن )کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کہ اگر نواز شریف کیلئے انصاف، زندگی وصحت کی ضمانت دی جائے تو انہیں آج شام کی پرواز سے ہی واپس بلا لوں گی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اثاثوں کو گروی رکھنے کی اجازت کس نے دی ؟مافیاز اور قاتلوں کو نوازنے کیلئے قرضے لئے ، شرم آنی چاہیے، ہم نے کوئی چیز گروی نہیں رکھی تھی ، انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ریپ کو خواتین کے کپڑوں سے جوڑنے سے ریپسٹ کو حوصلہ ملے گا، عمران خان کی بات مجرمانہ سوچ کی عکاس ہے، کیا موٹر وے پر خاتون کا ریپ غلط کپڑے پہننے سے ہوا ،عمران خان کے بیان سے ریپسٹ کو حوصلہ ملے گا، ایٹمی طاقت کے لیے عوام نے بہت قربانیاں دی ہیں، ایٹمی دھماکوں کا سہرا نواز شریف کے سر ہے، آپ کشمیر کا سودا کر کے آئے ہیں، کشمیر کا نام نہ لیں، ایٹمی پروگرام ملک کی حفاظت کا ضامن ہے، عمران خان ایٹمی طاقت کا کسٹوڈین نہیں ،انہوں نے لاہور دھماکے کی مذمت کی اور کہا کہ قوم کو پولیس کے جوانوں پر فخر ہے، پولیس کے زخمی اور جاں بحق اہل کاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں، پولیس اہل کار فرائض ادا کرتے ہوئے، مٹی کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوئے۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمیں تو خطرہ ہے حکومت پاکستانی ایٹمی پروگرام کو ہی گروی نہ رکھ دے، انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات نے الیکشن کمیشن کو دبانے کی کوشش کی، ان کے بیان کی مذمت کرتا ہوں ،حکومت الیکشن کمیشن کو نیب کی طرح کا ادارہ بنانا چاہتی ہے،الیکشن کمیشن کو آزاد اور خود مختار ہونا چاہیے، پاکستانی بزنس مین اپنا کاروبار باہر ملک لے کر جارہے ہیں، اس طرح کے حالات میں کون سرمایہ کاری کرے گا؟ تفصیلات کے مطابق بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن )کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ ایٹمی پروگرام کیلئے پاکستانی عوام ،ذوالفقارعلی بھٹو اور نوازشریف سمیت سب نے قربانیاں دی ہیں ہم سمجھتے ہیں کہ ایٹمی پروگرام بائیس کروڑ پاکستانیوں کے تحفظ کا ضامن پروگرام ہے، عمران خان کا خواتین کے کپڑوں کو ریپ سے جوڑنا ان کی ذہنیت ہے، عمران خان کے بیان سے ریپسٹ کو حوصلہ ملے گا، چھوٹے بچوں کے ساتھ جو ریپ کے واقعات ہوئے کیا وہ بھی ان کے ڈریس کی وجہ سے ہوئے؟انہوں نے کہا کہ آپ ملک کو قرضوں میں لے گئے ہیں اور ایک اینٹ نہیں لگا سکے۔مریم نواز نے کہا کہ کس نے اجازت دی کہ آپ پاکستان کے اثاثوں کو گروی رکھیں، آپ کا تیسرا بجٹ چوتھے وزیرِ خزانہ نے پیش کیا ہے، کنٹینر پر چڑھ کر کہتے تھے کہ سڑکیں بنانے سے ترقی نہیں ہوتی، اب ان موٹر ویز کو گروی رکھنے سے کون سی ترقی ہو گی؟ قوم کو تاریخی قرضے تلے دبا دیا ہے، رنگ روڈ پر اپنے وزراء کو نوازا ہے۔

تازہ ترین