اسلام آباد ( آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے گیس اور بجلی کے نئے بحران کی اطلاعات پر اظہار تشویش کرتے ہوے کہا ہے کہ اگلے ماہ سے صارفین کیلئے گیس اور بجلی کی قلت اور تعطل کے نئے بحران کی اطلاعات افسوسناک ہیں۔بدھ کو ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت بدترین انتظامی تخریب سے ملک اور عوام کے مسائل میں ہر روز مزید اضافہ کررہی ہے ۔ ایک طرف آر ایل این جی پر ٹیکس میں اضافے سے لاگت بڑھے گی تو دوسری جانب بجلی گیس کی فراہمی متاثر ہوگی ۔ اگلے ماہ سے آر ایل این جی پلانٹ کی بندش کا مطلب ڈیزل اور فرنس جیسے مہنگے ایندھن سے بجلی کی پیداوار ہوگی۔ بجلی بنانے کی لاگت میں اضافے سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھے گا جو قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ سستی بجلی بنانے کی سہولت کی دستیابی کے باوجود حکومتی بدانتظامی سے اسکی لاگت اور صارفین کے مصائب پیدا ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا گیس اور بجلی کے تعطل سے صنعتی سرگرمیوں اور کاروباری ماحول متاثر ہوگا، معیشت پر منفی اثرات پڑیں گے ، پلانٹ کی مرمت وصفائی کا کام نہ بھی روکا گیا تو بھی اس کا خمیازہ بھاری ادائیگی کی صورت میں قوم کو ہی بھگتنا پڑے گا۔