• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صنم سعید نے عمران خان کے بیان پر شیریں مزاری کی خاموشی پر سوال اٹھا دیا

اداکارہ صنم سعید نے عمران خان کے عورتوں کے مختصر لباس سے مردوں کے جذبات کے بھڑک اٹھنے سے متعلق بیان پر شیریں مزاری کی خاموشی پر سوال اٹھا دیا۔

صنم سعید نے وفاقی وزیر سے وزیراعظم عمران خان کو ایک پیغام پہنچانے کا کہا۔

انہوں نے وزیراعظم کے انٹرویو کے دو روز گزر جانے کے بعد سوشل میڈیا پر جاری بحث میں حصہ لیا، اور شیریں مزاری سے کہا کہ وہ عمران خان کے لیے ایک فہرست بنائیں جس میں مردوں ، خواتین اور بچوں سے روزانہ بدفعلی کے واقعات کا تذکرہ ہو۔

اداکارہ نے لکھا کہ فہرست میں یہ بات بھی واضح کی جائے کہ درندگی کا شکار بننے والوں نے کس قسم کا لباس پہن رکھا تھا۔

صنم سعید نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اشتعال انگیز اور پریشان کُن بیانات دوبارہ کبھی نہیں پیش کیے جانے چاہئیں۔

واضح رہے کہ صنم سعید عمران خان کے اس بیان پر ردعمل دینے والی واحد فنکارہ نہیں ہیں بلکہ اس سے قبل اُشنا شاہ، صحیفہ جبار خٹک، عثمان خالد بٹ اور دیگر بھی اپنے خیالات کا اظہار کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پیر کو امریکی ٹی وی کو انٹریو میں ملک میں فحاشی اور جنسی زیادتیوں کے واقعات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مرد کوئی روبوٹ نہیں، عورت کے مختصر لباس سے مرد کے جذبات بھڑک جاتے ہیں۔

عمران خان کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آرہا ہے، سوشل میڈیا صارفین کی اس معاملے پر رائے منقسم ہے۔

تازہ ترین