• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کورونا کے خاتمے کیلئے عالمی ویکسینیشن پلان کی ضرورت ہے، انتونیو گوتریس

اقوام متحدہ کے سیکٹری جنرل انتونیو گوتریس نے یورپین پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کوویڈ-19 وباء کے مکمل خاتمے کیلئے ایک عالمی ویکسینیشن پلان کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وہ آج اقوام متحدہ کے سیکٹری جنرل کی حیثیت سے دوبارہ منتخب ہونے کے بعد اپنے دورہ یورپ میں یورپین پارلیمنٹ سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی وباء نے صحت کے ناکافی نظام، معاشرتی تحفظ میں بہت بڑے فرق اور ممالک کے درمیان بڑی عدم مساوات کا انکشاف کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایسے وقت میں جب دنیا میں کچھ ممالک اس سرنگ کے اختتام پر آہستہ آہستہ روشنی دیکھنا شروع کر رہے ہیں، دنیا بھر میں بہت سے مقامات پر وائرس ایک خطرناک حقیقت بنا ہوا ہے۔ اس وجہ سے یہ ہم سب کیلئے ضروری ہے کہ افریقہ سمیت عالمی سطح پر ویکسینیشن کی کوششوں کو تیز کیا جائے۔

سیکٹری جنرل نے اپنے خطاب میں عالمی سطح پر حفاظتی ویکسین کی حکمت عملی بنانے اور یہ ویکسین بنانے والے ممالک کو ایک ہنگامی ٹاسک فورس میں اکٹھا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ 

جو عالمی ادارہ صحت، گیوی ویکسین الائنس اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی مدد سے فارماسیوٹیکل کمپنیوں اور دیگر اہم صنعتی اداروں کو متحرک کرے۔

انتونیو گوتریس نے دنیا بھر میں ترقی، معاشرتی اور معاشی توازن میں عدم مساوات، ماحولیاتی بحران اور اس کے مقابلہ کرنے کے طریقے، سائبر اسپیس میں لاقانونیت سمیت کئی دیگر معاملات کو بھی اپنے خطاب کا موضوع بنایا۔

علاوہ ازیں بیلجیئم کے وزیراعظم الیگزینڈر دی کرو اور ملک کے دیگر وزراء سے گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکٹری جنرل نے زور دیا کہ بیلجیئم ویکسین کی تیاری کو دو گنا کردے۔ تاکہ دنیا بھر میں ویکسین کی بلا تفریق فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے اس موقع پر افریقہ اور دنیا کے دیگر ممالک کے درمیان اب تک اپنے شہریوں کو لگائی جانے والی ویکسین کے اعداد و شمار میں بڑے فرق کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ویکسین کی پیداوار دو گنا کرنا ہوگی۔ کیونکہ 2022 تک اس وباء کے خلاف اجتماعی طور پر امیونٹی حاصل کرنے کیلئے ابھی 11 ارب خوراکوں کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ بیلجیئم ویکسین کی تیاری کے حوالے سے مرکزی اہمیت کا حامل ہے۔ جہاں اس کے مختلف علاقوں میں فائزر ، آسٹرا زینیکا اور جانسن اینڈ جانسن ویکسین تیار کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب بیلجیئم نے 'یو این کوویکس پروگرام' کے تحت ویکسین کی 4 ملین خوراکیں عطیہ کرنے کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین