• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

250 تولہ سونا چوری کی تفتیش: نجی بینک کے مزید 7 لاکرز ٹوٹے ہوئے نکلے


کراچی کے علاقے کلفٹن میں نجی بینک کا لاکر توڑ کر ڈھائی سو تولے سونا چوری کرنے کے مقدمہ کی تفتیش کے دوران بینک کے مزید 7 لاکرز توڑنے اور ان میں موجود کروڑوں روپے مالیت کی غیرملکی کرنسی، سونا اور زیورات چوری کیے جانے کی بڑی واردات سامنے آئی ہے۔

ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ محمد عمران مرزا کے مطابق کلفٹن کی رہائشی ڈاکٹر انیتا قاضی کی مدعیت میں درج ایف آئی آر نمبر 293/2021 کی تفتیش کے دوران انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کلفٹن میں زمزمہ اسٹریٹ پر واقع نجی بینک کی برانچ کا دورہ کیا۔

پولیس کے مطابق اسٹرانگ روم کے معائنہ کے دوران دیگر تمام لاکرز چیک کیے گئے تو ان میں سے مزید لاکرز پہلے جیسی نوعیت کی واردات کی طرح ٹوٹے ہوئے پائے گئے۔ جن کے مالکان سے رابطہ کرنے کیلئے بینک کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

بینک ذرائع کے مطابق ان لاکرز میں کروڑوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی، سونا اور زیورات چوری کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ساتوں لاکرز کے نمبرز کی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔ ان کے مالکان کو طلب کرکے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جمع کی جائیں گی جس کے بعد مزید مقدمات درج کیے جائیں گے۔

ایس پی عمران مرزا کے مطابق اسی برانچ میں کچھ عرصہ قبل لاکرز توڑے جانے اور اس سے ایک لاکھ ڈالر چوری کی واردات کا مقدمہ درج نہیں کروایا گیا۔

رواں سال اسی برانچ کا ایک اور لاکر توڑ کر 30 لاکھ روپے مالیت کا سونا بھی چوری ہوچکا ہے۔ ایس ایچ او کلفٹن پیر شبیر حیدر کے مطابق اس واردات کی ایف آئی آر بھی کلفٹن تھانے میں درج نہیں۔

ایس ایچ او کلفٹن کے مطابق ایک سال قبل بینک کی اسی برانچ میں آتشزدگی کا ایک واقعہ بھی ہوا تھا جس کی رپورٹ بھی تھانے میں درج نہیں۔

کلفٹن تھانے کے شعبہ تفتیش کے انچارج انسپکٹر ارشد جنجوعہ کے مطابق سونا چوری کیس کی مدعیہ انیتا قاضی کے مقدمے کی تفتیش کے سلسلے میں کل سے ملزمان کی تلاش کے لیے بیانات لینے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔

ایس پی عمران مرزا کے مطابق بینک میں اس طرح کی بددیانتی اور بے ضابطگیوں کی ایف آئی اے کی جانب سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے کے تفتیشی افسر سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے کہ ان واقعات کے حوالے سے پیش رفت کو جانچا جا سکے۔

تازہ ترین