راولپنڈی( سٹاف رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کی لائسنسنگ برانچ میں بائیومیٹر ک سسٹم کا آغاز کر دیا گیا۔ راولپنڈی اوراس کی تحصیلوں کے تمام خدمت مراکز میں لائسنسنگ برانچ کو نادرا کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ۔ اب ڈرائیونگ لائسنسں کے تمام مراحل لرننگ ، میڈیکل لائسنسں کے ٹیسٹ بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر ممکن نہیں ہوں گے ۔ اس حوالے سے چیف ٹریفک آفیسر رائے مظہر اقبال نے کہاہے کہ تمام لائسنسنگ سنٹر وں میں بائیو میٹرک مشینیں فراہم کر دی گئی ہیں اب امیدوار کی موجودگی کے بغیر کسی بھی صورت لائسنس سے متعلقہ سہولیات ممکن نہیں ہوں گی ۔ سی ٹی اونے کہاکہ بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے کریمنل ریکارڈ ہولڈرز کی فوری شناخت بھی کی جا سکے گی اس کے علاوہ لائسنسنگ ہال اور ڈرائیونگ ٹیسٹ ٹریفک ٹریک میں نصب کیمروں کی مدد سے مکمل نگرانی کی جا رہی ہے تا کہ میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔