لاہور (نمائندہ جنگ) پنجاب بار کونسل کے زیر اہتمام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان کے اعزاز میں الوداعی اورنامزد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی کے اعزاز میں استقبالیہ کی مشترکہ تقریب کا انعقاد کیا گیا،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے کہا ہے کہ ادارے مضبوط ہونے چاہیں شخصیات آتی جاتی رہتی ہیں، اداروں کی مضبوطی ملک کی مضبوطی ہے، ادارے حدود میں رہینگے تو ملک مضبوط ہو گا، معاشرے کے پسے ہوئے لوگ انصاف کے لیے ہمارے پاس آتے ہیں انھیں انصاف فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے،وکلاء ہڑتال کے کلچر کو ختم کردیں ،بارز کو فنڈز عوام کے ٹیکسوں سے ملتے ہیں ان کو بھی ریلیف ملنا چاہئے، انھوں نے کہا ہمیں قانون کی حاکمیت کے لیے کام کرنا ہے ضروری ہے ،ہر ادارہ اپنے دائرہ اختیار اور حدود میں رہے ادارے حدود میں رہیں گے تو ہی ملک مضبوط ہو گا، ہم اپنے ملک میں جمہوری روایات کا پروان چڑھائیں آئین کے تحت حکومت اور ادارے مخلوق خدا کی داد رسی کے پابند ہیں، کورونا وبا کے وقت ہم پر دبائو تھا کہ عدلیہ کو بند کر دیں ہم ڈٹ گئے کہ ہم نے عدلیہ کو بند نہیں کرنا ،عوام کو انصاف دینے کے لیے ہم نے طے کیا کہ عدالتوں کے دروازے کھلے رہیں گے ۔