• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سبی، دہشت گردوں کا حملہ، FC کے 5 جوان شہید، جوابی کارروائی میں حملہ آوروں کا بھاری نقصان

سبی:جوابی کارروائی میں حملہ آوروں کا بھاری نقصان


کوئٹہ ( نمائندہ جنگ)سبی میں دہشت گردوں کا فرنٹیر کور کی پٹرولنگ ٹیم پر حملہ‘ فائرنگ کے تبادلے میں 5 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی پر حملہ آوروں کا بھاری نقصان ہوا ۔بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ʼآئی ایس پی آرکے مطابق سبی کے علاقےسانگان میں ایف سی کے جوان معمول کی پٹرولنگ کر رہے تھے کہ دہشت گردوں نے ان پر حملہ کردیاجس کے نتیجے میں ایف سی کے 5 جوان شہید ہو گئے۔ 

دیگر جوانوں نے جرأت و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی جس میں دہشت گردوں کا بھاری جانی و مالی نقصان ہوا ۔دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

واقعہ میں شہید جوانوں میں حوالدار ظفر علی خان، لانس نائیک ہدایت اللہ، لانس نائیک ناصر عباس، لانس نائیک بشیر احمد اور سپاہی نور اللہ شامل ہیں۔شہید ظفر علی خان، شہید ہدایت اللہ اور شہید نور اللہ کا تعلق لکی مروت سے ہے، شہید ناصر عباس کا تعلق بھکر اور شہید بشیر احمد کا تعلق نصیر آباد سے ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ چند عناصر دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد سے ایسے بزدلانہ حملے کر کے بلوچستان کے امن و خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کر سکتے ۔

تازہ ترین