کوٹلی، چکسواری (نمائندہ جنگ، این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت نے کشمیر پر کبھی بھی صحیح پالیسی، صحیح پوزیشن اور صحیح فیصلہ نہیں لیا،کٹھ پتلی جب بھی کشمیر کا ذکر کرتا ہے تو غلطی کرتا ہے،جب کٹھ پتلی کہتاہے پاکستان کو ایٹمی پروگرام کی ضرورت نہیں، توکیا وہ سیکورٹی رسک نہیں بن جاتا، وزیراعظم ہر جمعہ سڑک پر احتجاج کرنے کا وعدہ تک پورا نہ کر سکے ، پاکستان میں جتنی مہنگائی ہے اتنی نہ افغانستان میں ہے، نہ بھارت میں اور نہ بنگلہ دیش میں ہے، عمران خان دھاندلی کی کوشش کررہے ہیں، آپ اس جھوٹی حکومت کے وعدوں پر نہ چلیں۔ ہفتہ کو چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کشمیر کے انتخابات کی مہم کے سلسلے میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی پی پی کی کشمیر پالیسی یہ ہے کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیر کے عوام کرینگے۔