پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سے وزریراعظم عمران خان کے سابق معاون خصوصی زلفی بخاری کے مبینہ دورہ اسرائیل کی تفصیلات مانگ لیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت زلفی بخاری کے مبینہ دورہ اسرائیل کی تفصیلات سامنے لائے۔
انہوں نے کہا کہ اطلاعات ہیں جہاز یہاں سے اسرائیل گیا تھا، حکومت جہاز کے روٹ کی تفصیلات قوم کے سامنے لائے۔
پی پی چیئرمین نے استفسار کیا کہ اگر اس فلائٹ کا یہی روٹ تھا تو اجازت کس نے اجازت دی؟ جہاز نے یہاں آکر زلفی بخاری کو نہیں اٹھایا تو کسے اٹھایا ؟
اُن کا کہنا تھاکہ اسرائیلی نیوز ایجنسی نے وہاں کے محکمہ دفاع سے اجازت لے کر خبر شائع کی، دورہ اسرائیل سے متعلق دال میں کچھ کالا نظر آرہا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ہماری فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے پالیسی واضح ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر میں دھونس، دھاندلی اور زور زبردستی کرنا چاہتی ہے لیکن اس کے باوجود عوام پی پی کے ساتھ ہیں۔