• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالبان حملوں کے باعث امریکی فوج نے ڈیڈ لائن سے قبل ہی انخلا کی تیاری کرلی

کابل(جنگ نیوز )طالبان کے بڑھتے ہوئے حملوں کے باعث امریکی فوج نے ڈیڈ لائن سے قبل ہی انخلا کی تیاری کرلی،دوسری جانب نیٹو کمانڈر جنرل اسکاٹ ملر نے طالبان کو افغانستان میں علاقوں پر بزور طاقت قبضے پر تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پُر تشدد کارروائیوں کا سلسلہ بند نہیں کیا تو فضائی حملوں کے لیے تیار رہیں۔جبکہ جرمنی نے افغانستان سے اپنا فوجی انخلاء مکمل کرلیا۔ امریکا کے سابق وزیردفاع ڈونلڈ رمز فیلڈ انتقال کرگئے، امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ رمز فیلڈ کی عمر 88 برس تھی ۔ان کے دور میں افغانستان اور عراق جنگیں شروع ہوئی تھیں۔تفصیلات کے مطابق امریکی فوج صدر جو بائیڈن کی طرف سے افغانستان سے 11 ستمبر کو دی گئی ڈیڈ لائن سے پہلے ہی چند دنوں میں انخلا کرنے والی ہے۔ یہ بات امریکی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتائی۔ افغانستان میں امریکی سفارت کاروں کی حفاظت اور ممکنہ طور پر کابل ایئرپورٹ کی حفاظت میں معاونت کرنے والے فوجی اہلکار اس انخلا میں شامل نہیں ہیں۔ جنرل اسکاٹ ملر نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ افغانستان سے انخلا کے باوجود امریکی فوجی طالبان پر فضائی حملے کرنے اور انہیں کچلنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ امریکی فوج کے انخلا کے بعد افغان سیکیورٹی فورسز مناسب ایڈجسٹمنٹ کرلیں گے۔

تازہ ترین