پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس شروع ہو گیا، اجلاس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں کوریج کے لیے آنے والے صحافیوں کو داخلے سے روک دیا گیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس کمیٹی روم کی بجائے قومی اسمبلی کے ہال میں ہو رہا ہے، ان کیمرا اجلاس ہونے کے باعث صحافی اجلاس کی کوریج نہیں کر سکیں گے۔
ترجمان قومی اسمبلی و سینیٹ سیکریٹریٹ کے مطابق اجلاس کے باعث قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکریٹریٹ کے ملازمین کو چھٹی دے دی گئی ہے، ملازمین کو گھر بھیج دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صحافیوں پر پابندی نہیں لیکن سیکریٹریٹ بند ہونے کے باعث وہ پارلیمنٹ نہیں آ سکیں گے، میڈیا تب آتا ہے جب پارلیمنٹ کھلی ہو، جب پارلیمنٹ میں چھٹی کر دی گئی ہے تو میڈیا والے آ کر کیا کریں گے۔
پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اِن کیمرہ اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی ملکی داخلی صورتِ حال پر بریفنگ دیں گے، افغانستان، بھارت، مقبوضہ کشمیر کی صورتِ حال پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔
اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار شریک ہیں۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی، شیری رحمٰن، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی شریک ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے یوسف رضا گیلانی اور شیری رحمٰن کے ہمراہ شہباز شریف سے مل کر تعزیت کی۔
مسلم لیگ نون کے وفد کے دیگر ارکان شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، سعد رفیق، رانا ثناء اللّٰہ، اعظم نذیر تارڑ بھی قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شریک ہیں۔
شرکاء پر اجلاس میں موبائل فون ہمراہ لے جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، سیاسی رہنماؤں اور اعلیٰ حکومتی رہنماؤں سے موبائل فون لے لیے گئے ہیں جبکہ قومی اسمبلی کے ہال میں بریفنگ کے لیے بڑی اسکرین نصب کر دی گئی ہے۔
اجلاس سے قبل وزیرِ اعظم کے مشیرِ پارلیمانی امور بابر اعوان سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا حکومت اور اپوزیشن آج کے اجلاس کے بعد ایک پیج پر ہوں ہے؟
بابر اعوان نے جواب دیا کہ قومی سلامی کے مفاد کے لیے مکمل قومی یکجہتی ہے۔
اجلاس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیرِ دفاع پرویز خٹک اور ایم این اے ریاض محمود مزاری نے ملاقات کی اور ملکی صورتِ حال، راجن پور کے مسائل، جاری ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان پر گفتگو کی۔