کراچی ( اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی کھلاڑیوں کےسینٹرل کنٹریکٹ کے لئے قائم پی ایچ ایف کی دو رکنی کمیٹی نے اپنا پلان پی ایچ ایف کو بھیج دیا ہے، کمیٹی میں سنیئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید اور چیف سلیکٹر منطور جونیئر شامل ہیں، ذرائع کے مطابق کمیٹی نے30کھلاڑیوں کے نام پی ایچ ایف کو بھیج دئیے ہیں، فٹنس ٹیسٹ کے بعد حتمی 20 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائیگا۔تاریخ کا اعلان اگلے ہفتے ہوگا۔پی ایچ ایف نے ابتدائی طور پر ٹاپ 20 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ آفر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اے کیٹیگری کھلاڑی کو پچاس ہزار،بی کیٹیگری کو 40ہزار اور سی کیٹیگری کو 30 ہزار روپے ملیں گے،معاہدوں کی حتمی منظوری صدر پی ایچ ایف برگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر دینگے۔ خواجہ جنید نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں صرف پر فار منس اور فٹنس کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔ واضح رہے کہ آخری بار کھلاڑیوں سے2012 میں معاہدہ کیا گیا تھا۔