• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمرانوں کی پالیسیوں نے اقتصادی نظام تباہ کردیا،لیاقت بلوچ

اسلام آباد ( نیو زرپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی، سیکریٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے علماء اور نوجوانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سُود، قرضوں، کرپشن اور حکمرانوں کی بےہنگم اقتصادی پالیسیوں نے ملک کے اقتصادی نظام کو تباہ کردیا ہے۔ پیداواری لاگت میں بے تحاشا اضافہ ہوگیا ہے۔ عوام کی قوت خرید ختم ہوگئی ہے، بجلی، تیل، گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور ٹیکسوں کے ہوشربا اضافہ نے عام آدمی کا کچومر نکال دیا ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری جان لیوا ہے۔ ملک بھر میں لاکھوں تعلیم یافتہ اورہنرمند نوجوان بے روزگاری کے دھکے کھارہے ہیں۔ میڈیکل، انجینئرنگ اور آئی ٹی کے ڈگری ہولڈرز بھی دھکے کھارہے ہیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک کے حساس اداروں نے ایک بار پھر قومی فرض ادا کرکے پارلیمنٹ میں نمائندہ جماعتوں کی قیادت کو قومی سلامتی پر بریفنگ دی۔ بدقسمتی سے وزیراعظم عمران خان نے اس اہم ترین موقع کو بھی سبوتاژ کردیا ہے۔ وزیراعظم کا قومی معاملات میں غیرذمہ دارانہ رویہ اور قومی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی روش سیکیورٹی رسک بن گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر، افغانستان اور فلسطین ایشوز پاکستان کی سلامتی اور مستقبل سے جڑے مسائل ہیں، قومی اتفاق رائے کیساتھ بنائی گئی قومی حکمت عملی ہی بحرانوں کا حل ہے۔ فاشسٹ مودی اپنی پالیسیوں کی وجہ سے اپنے ملک میں تنہا ہوچکا ہے لیکن اسلام آباد کے حکمران اُسے ریلیف اور کشمیریوں کو مایوسی دے رہے ہیں۔ افغانستان پر حکومت کنفیوژن کا شکار ہے، جس کے قومی سلامتی پر بہت منفی اثرات ہوں گے۔
تازہ ترین