سکھر(ٹی وی رپورٹ)وزیر اعظم کی سکھر آمد پر دو گھنٹے کی مہمان نوازی تقریباً دو کروڑ روپے کا جھٹکا دے گئی جس کے بعد وزیر اعظم سکھر تا ملتان موٹر وے کا افتتاح کرکے واپس روانہ ہوگئے، انتظامیہ نے ایسی آؤ بھگت کی کہ بڑے بڑے شہروں کی مہمان نوازی کو پیچھے چھوڑ دیا یہ انتظامات شاہی تو نہیں تھے لیکن شاہی سے کچھ کم بھی نہیں تھے ۔سکھر میں 41ڈگری سینٹی گریڈ کی گرمی میں وزیر اعظم کے لیے ٹھنڈا ٹھار خیمہ تیار کرنے کا ٹھیکہ کراچی میں دیا گیا ڈھائی سے تین سو مزدوروں کی ٹیمیں تین دن اورتین راتیں مسلسل کام کرتی رہیں ۔10ہیوی ائیر کنڈیشنڈ پلانٹ نصب کے گئے اور دس جنریٹر پہنچائے گئے گر می سے بچنے کیلئے تقریباً پچاس لاکھ روپے خرچ ہوئے دو ہزار افراد کیلئے شاندار پنڈال کی لاگت تقریباً 75لاکھ روپے آئی سیپکو نے 200والٹ کا ٹرانسفارمر بھی ویران میدان میں نصب کیا اور پاور سپلائی کیلئے چار پول بھی لگادیئے بجلی کی مد میںتقریباً 15لا کھ رو پے ا خراجات آئے، ظہرانے پر خرچہ تقریباً 25لاکھ روپے آیا بڑی بڑی اسکرینز اسٹیج پر ٹھنڈی ہوا کیلئے 20سے زائد پاور اسپلٹس برقی قمقمے اور دیگر اخراجات کی مد میں تقریباً 20لاکھ روپے خرچ کیے گئے ،میاں نواز شریف نے میزبانوں کو دو گھنٹے سے بھی کم خدمت کا موقع دیا اور یوں دو گھنٹے کی مہمان نوازی تقریباً دو کروڑ روپے کا جھٹکا دے گئی جس کے بعد وزیر اعظم سکھر تا ملتان موٹر وے کا افتتاح کرکے واپس روانہ ہوگئے۔