گزشتہ دنوں اپنی طلاق کے حوالے سے کھل کر اظہار کرنے والی پاکستانی اداکارہ ربیعہ چوہدری کا کہنا ہے کہ طلاق کے بعد زندگی ختم نہیں ہوجاتی۔
اپنی طلاق سے متعلق خبر سامنے لاتے ہوئے ربیعہ چوہدری کا معاشرے کی سوچ پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم لڑکیوں کو طلاق لینے پر اتنا بیچارہ کیوں بنا دیتے ہیں، ایسا کیوں لگتا ہے کہ اب لڑکی کی زندگی ختم ہوگئی، ہائے بیچاری کے ساتھ یہ کیا ہوگیا، ہائے بیچاری کی زندگی تباہ ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ بھی تو ہوسکتا ہے کہ طلاق وقت پر لینے کی وجہ سے اس کی باقی زندگی تباہ ہونے سے بچ گئی ہو۔‘
اداکارہ نے طلاق کو دوسری محبت اور خوشی تلاش کرنے کا موقع قرار دیا تھا جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بتایا جارہا تھا۔
اب اپنی ایک اور تفصیلی پوسٹ میں ربیعہ چوہدری نے وضاحت دی کہ ان کی بات کو غلط نہ لیا جائے، وہ طلاق پر خوش نہیں ہیں اور وہ طلاق کی پارٹی نہیں منا رہیں۔
اداکارہ نے لکھا کہ ’طلاق کو دکھ کی بات نہ کہنے کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہے کہ میں اپنی طلاق پر خوشیاں منا رہی ہوں اور پارٹی منعقد کر رہی ہیں۔‘
انہوں نے لکھا کہ’طلاق یقیناً کوئی آسان فیصلہ یا کام نہیں لیکن ایسا بھی نہیں کہ اس کے بعد زندگی ختم ہوجاتی ہے۔‘
اداکارہ کے مطابق اپنے خیالات کا اظہار اور اپنی ذاتی زندگی کسی کے سامنے رکھنے کے بھی اپنے ہی نفع و نقصان دونوں ہوتے ہیں۔
اپنی پوسٹ میں اداکارہ نے حمایت کرنے والوں کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا۔
خیال رہے کہ رواں برس ماہ اکتوبر میں کانز انٹرنیشنل انڈیپینڈنٹ فلم فیسٹیول (سی آئی آئی ایف ایف) میں پیش کی جانے والی پاکستانی مختصر فلم ’بینچ‘ میں ربیعہ چوہدری نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔