وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ بھارت بطور ریاست لاہور بم دھماکے میں ملوث ہے۔
آئی جی پنجاب انعام غنی اور فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران معید یوسف نے کہا کہ لاہور بم دھماکا بھارتی دہشت گردی تھا، ماسٹر مائنڈ بھارتی شہری ہے۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ اس واقعے میں بھارت ایک ریاست کے طور پر ملوث ہے، ملک میں دہشت گردی کی وارداتوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کا ہاتھ ہے۔
وزیراعظم کے مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ ہمارے پاس تمام رابطوں کے ثبوت ہیں، حملے کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہندوستان پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں ملوث ہے، ماسٹر مائنڈ بھارتی شہری اور اس وقت وہاں ہی موجود ہے۔
معید یوسف نے مزید کہا کہ جس دن دھماکا ہوا ہمارے انوسٹی گیشن نیٹ ورک پر سائبر حملے کیے گئے، جوہر ٹاؤن دھماکا اور سائبر حملے ایک ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ادارے سائبر سیکیورٹی پر کام کر کے بہت مضبوط ہوگئے ہیں، ٹیرر فنانس کا نیٹ ورک بھی بھارت میں کام کر رہا ہے، دوسرے ملکوں کے ذریعے فنانس کیا گیا، اس سے زیادہ ثبوت کارروائی کرنے کے لیے نہیں چاہیے۔
وزیراعظم کے مشیر قومی سلامتی نے یہ بھی کہا کہ اس طرح کی کارروائیوں سے افغان مہاجرین پر بھی انگلیاں اٹھتی ہیں، وقت آ گیا ہے کہ افغان مہاجرین کی باعزت واپسی ہو۔
انہوں نے کہا کہ یہ ناممکن ہے کہ مہاجرین میں سے کسی کو ڈھونڈا جائے، جب مہاجرین کی باعزت واپسی ہوجائے تو ہم سے پوچھا جائے۔
کوئی کسی قسم کا ابہام نہیں ہے کہ معاملہ کہاں سے چلا کہاں سے ماسٹر مائنڈ ہوا، وزیر اعظم عمران خان نے تمام ذرائع استعمال کرتے ہوئے ان لوگوں کو سامنے لانے کا کہا ہے۔
معید یوسف نے کہا کہ ہندوستان کے اصل چہرے کو لوگوں کے سامنے لے کر آئیں گے، اب نہیں چلے گا کہ وہ کہیں کہ آگے بڑھنا چاہتے ہیں اور پاکستان میں کارروائیاں کریں۔