وزیراعظم عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری بھارت کی بدمعاشی کے خلاف حرکت میں آئے۔
ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دنیا بھارت کی پاکستان کے خلاف بدمعاشی کے خلاف بین الاقوامی اداروں کو حرکت میں لائے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں جوہر ٹاؤن دھماکے کی منصوبہ بندی اور اس میں استعمال ہونے والے سرمائے کی کڑیاں پاکستان کے خلاف بھارتی پشت پناہی سے ملتی ہیں۔
وزیراعظم نےمزید کہاکہ عسکری اور سول اداروں کے باہمی تعاون سے دہشت گردوں اور ان کے بین الاقوامی رابطے کی نشاندہی ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ثبوتوں کا پتا لگانے میں پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی ( سی ٹی ڈی) کی مستعدی قابل تعریف ہے ۔
عمران خان نے کہاکہ تمام سول و ملٹری انٹیلی جنس ایجنسیوں کی بہترین کوآرڈینیشن بھی قابل تحسین ہے ۔
اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ بھارت دہشت گردوں کو اسلحہ دیتا ہے ، مالی مدد دیتا ہے ، تربیت کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ بھارت افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرتا ہے ۔
وزیر خارجہ نے سوال اٹھایا کہ کیا ٹیرر فنانسنگ پر ایف اے ٹی ایف کی ذمے داری نہیں بنتی کہ بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے؟
ان کا کہنا تھاکہ بھارت خفت مٹانے کے لیے کبھی پلواما کا ڈراما رچاتا ہے کبھی سرحدوں پر کشیدگی بڑھاتا ہے ۔