• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری بھارتی بدمعاشی کیخلاف بین الاقوامی ادارے حرکت میں لائے، وزیراعظم، FATF میں معاملہ اٹھائیں گے، وزیر خارجہ


اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جوہرٹائون لاہور دھماکے کے تانے بانے بھارت کی پاکستان مخالف اسپانسر دہشت گردی سے جڑےہیں‘اداروں کی بہتر کوآرڈینیشن سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے‘عالمی برادری اس بدمعاشی کیخلاف بین الاقوامی ادارے حرکت میں لائےجبکہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی کاکہناہے کہ ہندوستان کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کا معاملہ فیٹف میں اٹھائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو اپنے بیان میں عمران خان نے کہاکہ اپنی ٹیم کو جوہر ٹائون دھماکے پر قوم کوآگاہ کرنے کی ہدایت کی تھی،شواہد کا پتہ لگانے پر پنجاب پولیس کے محکمہ انسدد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)کی مستعدی اور کارکردگی قابل تعریف ہے،سول اور عسکری اداروں کا باہمی تعاون قابل ستائش ہے۔دریں اثناءاپنے بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ ایک مرتبہ پھر ہمارے پاس بھارت کی ٹیرر فنانسنگ کے ناقابلِ تردید شواہد موجود ہیں،کیا فیٹف ادارے کی یہ ذمہ داری نہیں بنتی کہ وہ بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے اور ان سے ٹیرر فناسنگ کی بابت پوچھے؟ ۔اور اگر ایسا نہیں ہوتا تو یہ دوہرا معیار ہو گا‘ہمارے پہلے پیش کردہ شواہد کو سنجیدگی سے لیا جاتا تو جوہر ٹاؤن لاہور اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات نہ ہوتے۔ انہوںنے کہاکہ دوہرے معیار کے خلاف آواز اٹھانا ہمارا فرض بنتا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر پردہ ڈالنے کیلئے کبھی ڈرون کبھی پلوامہ کا ناٹک رچاتا ہے‘ کبھی پاکستان کی سرحد عبور کرتا ہے اور اسے مناسب جواب دیا جاتا ہے،اور کبھی دہشتگردوں کی تربیت اور مالی معاونت کرتا ہے ،ہم عالمی برادری کے سامنے یہ شواہد رکھنا چاہیں گے۔

تازہ ترین