پشاور( کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے کارروائیاں کرتے ہوئے تجاوزات قائم کرنے پر 1 ماہ میں 279 افراد کو حراست میں لے کر ان پر جرمانے عائد کئے. چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں نے شہر بھر سے تجاوزات مافیا کو رضا کارانہ طور پر تجاوزات کے نقصانات بارے آگاہی دی تاہم تجاوزات مافیا کی جانب سے اس پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا تھا جس پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں کی جانب سے کینٹ, باچا خان چوک, سٹی‘ کوہاٹ روڈ‘ دل زاک روڈ‘سبزی منڈی اور جی ٹی روڈ پر کارروائیاں کی گئیں اور 279 افراد کو گرفتار کرکے ان پر جرمانے عائد کئے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے تجاوزات مافیا کو پہلے نوٹسز جاری کرتی ہے جبکہ اس کے بعد آپریشن کر کے تجاوزات قائم کرنے کے مرتکب افراد کو حراست جبکہ سامان کو قبضے میں لیکر ٹرمینل منتقل کردیا جاتا ہے تاکہ مالکان پر جرمانے عائد کئے جائیں۔