لاہور(نمائندہ جنگ) جسٹس محمد امیر بھٹی 51 ویں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بن گئے، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جسٹس محمد امیر بھٹی سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف لیا۔ دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے 7ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں کے تبادلے کردئیے۔نئے چیف جسٹس کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس محمد امیر بھٹی نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ان سے حلف لیا، تقریب میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزراء، سینئر ترین جج جسٹس ملک شہزاد احمد خان، جسٹس شجاعت علی خان،جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس شاہد وحید، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس شاہد بلال حسن، جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس صداقت علی، جسٹس شاہد کریم، جسٹس چوہدری عبد العزیز، جسٹس سردار سرفراز ڈوگر، جسٹس جواد حسن، جسٹس طارق سلیم شیخ،جسٹس محمد شان گل، جسٹس انوار حسین، جسٹس محمد رضا قریشی سمیت دیگر ججز نے شرکت کی۔